راولپنڈی: پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ڈیل کے حوالے سے بات چیت ہوئی تو پارلیمانی قوتوں سے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹردانیال چوہدری نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق حالیہ قیاس آرائیوں اور ڈیل کے الزامات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیل کےحوالے سے کوئی بات چیت ہوئی تو پارلیمانی قوتوں سے ہوگی۔
دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جان لیوا بیماری کی صورت میں بیرون ملک علاج کے لیے بھیجا جا سکتا ہے، ورنہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ ملک میں امن و امان خراب کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ علاج کے حوالے سے جو بھی ضروری سہولیات ہیں، وہ جیل میں میسر ہیں اور آئندہ بھی دستیاب رہیں گی، جبکہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔
پارلیمانی سیکرٹری نے سوشل میڈیا پر بانی کے حواریوں کے پروپیگنڈا کو جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ ڈیل اور ڈھیل کے خواہشمند ہمیشہ بیساکھیاں ڈھونڈتے ہیں، مگر حکومت بلیک میلنگ کو قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے دھرنے اور احتجاج کے علاوہ کوئی ترجیحات نہیں، اور یہ ملک و سیاست کے لیے کچھ نہیں کرتے، اس لیے کسی قسم کی ریلیف کی توقع نہیں کی جا سکتی، بات چیت کے لیے صرف پارلیمانی راستہ تیار ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


