راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے نامور کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان آمد اور پی ایس ایل میں شمولیت پر ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزار قائد پر حاضری دینے اور بانی پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے پر ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی پاکستان میں موجودگی ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی کے ہمراہ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔
مزید پڑھیں: ڈیرن سیمی کی مزارِ قائد پر حاضری، قائدِ اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا
ویسٹ انڈیز کی طرف سے کھیلنے والے بلے باز ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر حاضری کے وقت شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔
ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر پاکستان کا پرچم بھی لہرایا۔
انہوں نے مزار قائد کے تعمیراتی حسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قوم پاکستان کے بانی کے مزار پر حاضری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔