ڈسکہ: سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں حقیقی باپ نے جڑواں بیٹیوں کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں حقیقی باپ نے جڑواں بیٹیوں 17 سالہ سما اور سحر کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
لڑکیوں کے ماموں کے مطابق گل نواز اپنی بیٹیوں کو بوجھ سمجھتا تھا اور ان پر تشدد بھی کرتا تھا، گل نواز نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تشدد کے بعد 17 سال کی سما اور سحر پر ریپیٹر گن سے فائر کیا جس سے دونوں شدید زخمی ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق زخمی بہنوں کو تشویش ناک حالت میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گل نواز کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں سیالکوٹ کے علاقے شہاب پورہ میں والد احمد نے اپنے تین بچوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دو بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے بیٹا شدید زخمی ہوا جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔