اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’دستک‘ کے پہلے ٹیزر نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
ڈرامہ سیریل ’دستک‘ میں ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا، اداکارہ سوہائے علی ابڑو، فیروز قادری، شبیر جان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
دستک کے سکس سگما پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض مرینہ خان نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی منفرد کہانی ثروت نذیر نے لکھی ہے۔
ٹیزر میں سوہائے علی ابڑو کو کم عمر بچے کی ماں دکھایا گیا ہے جبکہ شوہر کو ذمہ داریوں سے لاپرواہ دکھایا گیا ہے۔
سوہائے علی ابڑو سے یونیورسٹی میں علی رضا محبت کرتے ہیں لیکن ان کی شادی فیروز قادری سے ہوتی ہے جس کے بعد وہ شکوے شکایت کرتی نظر آتی ہیں۔
ٹیزر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس کی کہانی علی رضا، فیروز قادری اور سوہائے علی ابڑو کے گرد گھومتی ہے اور بڑوں کے غلط فیصلے کی وجہ سے ان کی زندگی کیسے اثر انداز ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ علی رضا نے اس سے قبل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’نور جہاں‘ میں کبریٰ خان کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔
فیروز قادر اس سے قبل متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جبکہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر ان کا یہ پہلا ڈرامہ نشر کیا جائے گا۔
سوہائے علی ابڑو نے ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ سے شہرت حاصل کی اور انڈسٹری میں واپسی کے بعد وہ دوبارہ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔