کولمبو (26 فروری 2026): ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو جانے کے بعد سری لنکن ٹیم کو عوام کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہاں تک کہ کپتان داسن شناکا کو یہ تنقید رکوانے کے لیے حکومت سے اپیل کرنی پڑ گئی ہے۔
سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے منفی تنقید ختم کرانے کے لیے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی مائیک پکڑ کر الٹی سیدھی تنقید کر رہا ہے، حکومت اسے روکے، منفی تنقید سے کھلاڑیوں کی ذہنی حالت بگڑ رہی ہے۔
سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا ورلڈ کپ میں اچھا نہیں کھیل سکے، شائقین سے معافی مانگتا ہوں، کھلاڑیوں کی فٹنس پر سختی کرنا ہوگی، اہم کھلاڑی ان فٹ ہوئے جس کا نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ روز سری لنکا کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے، کولمبو میں میزبان ٹیم کو 61 رنز سے شکست کھانی پڑی، 169 رنز کے تعاقب میں آئی لینڈرز 107 تک محدود رہے، رچن رویندرا آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے ہیرو رہے۔
نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کردیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم سپر ایٹ کے ابتدائی دونوں میچ میں ناکام رہی، نیوزی لینڈ کے خلاف سری لنکا کی شکست نے پاکستان کے لیے بھی مزید مشکلات کھڑی کر دی ہیں، سیمی فائنل میں جانے کی واحد امید نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ پر منحصر ہے، جمعہ کو کیوی ٹیم جیتی تو پاکستان کا قصہ تمام ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج دو میچ کھیلے جا رہے ہیں، پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہے، دونوں ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کا اپنا پہلا میچ جیت چکی ہیں۔ جنوبی افریقہ نے بھارت اور ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو ہرایا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ یقینی بنا لے گی۔ دوسرا میچ شام ساڑھے 6 بجے بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہے۔ بھارت کی ٹیم بھی مشکل میں ہے، سیمی فائنل کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے بھارت کو نہ صرف میچ جیتنا ہوگا بلکہ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


