لاہور : انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ، بورڈز چند ہفتوں میں مفصل ڈیٹ شیٹس بھی جاری کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے سال 2026 کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لئے 5 مئی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
امتحانات میں صوبے کی تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ شریک ہوں گے۔
بورڈ حکام نے بتایا کہ امتحانی فارم جمع کروانے کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فارم مقررہ شیڈول کے مطابق وقت پر جمع کروائیں تاکہ کسی قسم کی دقت سے بچا جا سکے۔ مقررہ وقت کے بعد فارم جمع کروانے پر لیٹ فیس عائد ہوگی۔
حکام کا کہنا تھا کہ یہ امتحانات طلبہ کے تعلیمی کیریئر کے لیے اہم مرحلہ ہیں، کیونکہ ان کے نتائج طلبہ کی اعلیٰ تعلیم میں داخلے کے لیے بنیاد فراہم کریں گے۔ تمام انتظامات پیشگی مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ امتحانات شفاف اور منظم طریقے سے منعقد ہوں۔
مزید پڑھیں : کیا میٹرک اور انٹر کے امتحانات رمضان میں ہوں گے ؟ طلبا کے لئے اہم خبر
فارم بروقت جمع کرانے سے امتحانی مراکز، انویجیلیٹر اسٹاف، اور دیگر انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
بورڈز چند ہفتوں میں مفصل ڈیٹ شیٹس بھی جاری کریں گے، جس میں ہر مضمون کی تاریخ اور وقت واضح طور پر درج ہوگا۔
طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بورڈز کے سرکاری اعلانات پر ہی اعتماد کریں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔


