اسلام آباد: ڈیوڈ ہیل کو پاکستان میں نیا امریکی سفیرتعینات کردیا گیا، ڈیوڈہیل پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی جگہ سفیر کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستان کے لئے نئے امریکی سفیر ڈیوڈہیل تجربے کارسفارت کار اور امریکی حکومت کے اہم افسر ہیں، ڈیوڈہیل دو ہزار نو سے دو ہزار تیرہ تک مشرق وسطی میں امریکی حکومت کے نمائندے کے طور پر اہم خدمات انجام دے چکے ہیں، یہ وہی دور ہے جب عرب ممالک میں انقلابی تحریکیں چل رہی تھیں۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کی بحالی کی کوششوں لئے ڈیوڈ ہیل نے اہم کردار ادا کیا، ڈیوڈ ہیل کی پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی ایک ایسے وقت میں ہورہی ہے، جس میں پاکستان سمیت پورا خطہ نازک دور سے گزررہا ہے۔
افغانستان میں قیام امن کے لئے افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرت ملتوی ہوچکے ہیں اور دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور تناؤ کی فضا ہے، اس صورتحال میں نئے امریکی سفیر کا کردار مزید اہم ہوجاتا ہے۔