اشتہار

مالک رام: انکسار و ایثار کی دو جھلکیاں

اشتہار

حیرت انگیز

اردو زبان و ادب میں مالک رام کو ماہرِ غالبیات ہی نہیں ادبی محقق، مصنّف اور تذکرہ نگار کے طور پر بے پناہ شہرت ملی۔ ہر دور میں مصنّفین ان کی تحریروں کو بطور حوالہ و سند پیش کرکے اپنے مضامین کو اعتبار بخشتے رہے ہیں۔ مالک رام اردو ہی نہیں عربی، فارسی، انگریزی زبانوں پر یکساں عبور رکھتے تھے جنھوں نے بڑی محنت اور لگن سے اپنا ادبی کام انجام دیا۔

اردو ادب کی اس قابلِ قدر شخصیت پر ہمیں دوارکا داس شعلہ کی مختصر تصنیف پڑھنے کو ملتی ہے جو مالک رام کے پرستار اور ایک شاعر تھے۔ دوارکا داس شعلہ نے مالک رام کے انکسار، عاجزی اور اپنے احباب سے شفقت و محبت کے دو واقعات بیان کیے ہیں جو ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔ ملاحظہ کیجیے:

بسا اوقات انبار در انبار کتابیں اور مسودے دیکھنے کے بعد گوہرِ مراد حاصل ہوتا ہے اور کبھی یہ بھی نہیں ہوتا یا کوہ کندن و گاه بر آوردن والا معاملہ۔ مگر مالک رام کی ہمّت اور خاطر جمعی کی داد دینا پڑتی ہے کہ وہ نہ دیدہ ریزی سے گھبراتے ہیں، نہ محنت سے جی چراتے ہیں۔

دوستی کے معاملے میں انکسار و ایثار ان کے مزاج کے ترکیبی عناصر ہیں۔ ۱۹۵۷ء کے اواخر میں یا شاید ۱۹۵۸ء کے شروع میں دلّی میں اُردو کا نفرنس ہوئی تھی۔ یہ مجھے بھی ساتھ لیتے گئے۔ ان کا شمار ہمارے چوٹی کے ادیبوں میں ہوتا ہے اور ان کے پاس اسٹیج پر بیٹھنے کا خاص دعوت نامہ بھی تھا۔ میں تین میں نہ تیرہ میں۔ یہ ان کے مزاج کے خلاف کہ اپنی برگزیدگی کے بل بوتے پر مجھے بھی اسٹیج پر بٹھاتے۔ نتیجہ یہ کہ ہم دونوں اسٹیج کے سامنے نیچے زمین پر بیٹھ گئے اور زمین کا بھی وہ حصّہ جہاں فرش تو خیر درکنار گھاس بھی نہ تھی۔

عرض ہم تین چار گھنٹے تک جاڑے کے برفا دینے والے موسم میں نم آلود زمین پر بیٹھے رہے۔ اس دوران میں کارکنانِ مجلس نے بارہا اُن سے کہا: یہ آپ کہاں بیٹھے ہیں، اپنی جگہ پر چلیے؟ آپ کا یہاں بیٹھنا ہم سب کی توہین ہے۔ میں نے بھی التجا کی کہ آپ چلے جائیے ، میں بہت آرام سے بیٹھا ہوں مگر یہ شعلہ نوازی کے صدقے مسند نشینی کی جگہ خاک نشینی کے مزے لیتے رہے۔

مالک رام دانائے راز ہیں کہ نگہِ دور رس کے مالک ہیں۔ لیکن یہ بال کی کھال نکالنے والا زود فہم، نتائج و مطالب تک پہنچنے والا دور بین شخص نجی معاملوں میں کس درجہ معصوم ہے، اب اس کا ایک واقعہ سنیے:

ایک مرتبہ دفتر سے ٹیلیفون کیا: "میاں، میں آج شام فارغ ہوں، تم دکان پر ہو تو آؤں۔” میں نے کہا: "قبلہ آپ کی صحبت میسر ہو، تو ہزار مصروفیتیں قربان، کہیے کب تشریف لائیے گا؟” فرمایا: ” وہی پانچ ساڑھے پانچ بجے، دفتر سے اُٹھوں گا اور سیدھا تمھارے وہاں پہنچوں گا۔” میں نے کہا: "بہت خوب، میں حسبِ معمول آپ کی آمد کا منتظر رہوں گا۔ یہ بات چیت قبل از دو پہر کی ہے۔ ان دنوں میں عام طور پر ڈھائی تین بجے اٹھ جاتا تھا۔ معمول یہ تھا کہ صبح نو بجے ( اوقات دفتر سے گھنٹہ بھر قبل) دکان پر پہنچ جاتا اور جو کام میرے ذمے ہوتا، اسے اطمینان سے دکان کے کھلنے سے پیشتر دیکھ لیتا۔ دس بجے مختصر نویس آجاتا۔ میں گھنٹے بھر میں اسے ضروری مراسلات کے جوابات لکھوا دیتا۔ ڈیڑھ بجے کے قریب وہ ٹائپ شدہ خطوط لے آتا، میں دیکھ کر دستخط کرتا اور اس کے بعد دو ڈھائی بجے تک فارغ ہو کر گھر کی راہ لیتا۔ دو پہر کا کھانا موقوف تھا کہ بے لطف کھانے سے نہ کھانا بہتر۔ اکثر چار بجتے بجتے گھر پہنچ جاتا۔ اکرامِ طعام ضروری ہے اور اکرام ضعیف اُس سے بھی بڑھ کر بلکہ فرض۔ گھر پہنچ کر غسل کرتا (موسم سرما میں صرف ہاتھ منہ دهوتا)، عطر لگاتا، تخت پر رونق افروز ہوتا۔ ملازم شراب اور سوڈا رکھ جاتا۔ میں پیتا اور شعر کہتا۔ آمد نہ ہوتی، تو کوئی کتاب دیکھتا۔ چھ بجے کھانا آجاتا: اطمینان سے کھاتا یوں کہ اگر کوئی دوسرا دیکھے تو سمجھے کہ جگالی کر رہا ہے اور اس کے بعد سات بجے یا اس سے بھی قبل بستر استراحت پر دراز ہو جاتا۔ بالعموم دو بجے شب آنکھ کھل جاتی۔ ضروریات سے فارغ ہو کر گذشتہ شام کے "فرمودہ” پر نظرِ ثانی ہوتی۔ یہ نظرِ ثانی اکثر اشعار کو مغلق بنا دیتی کہ ….. لیکن میں بات کہتے کہتے بہک گیا۔ ہاں تو یہ نویدِ جاں فزا پا کر کہ مالک رام آرہے ہیں، میں نے ملازم سے کہا کہ بھئی، میرے لیے چار بجے سالن اور کلچے بازار سے لے آنا کہ آج چھے تو دفتر ہی میں بج جائیں گے۔ ملازم نے تعمیلِ حکم میں چار بجے یہ طعامِ شاہانہ لا کر سامنے کی چھوٹی میز پر چن دیا۔

میں ابھی اُٹھ کر اس میز تک گیا بھی نہیں تھا کہ جناب مالک رام وارد ہو گئے۔ میری حیرانی قدرتی تھی کہ انھیں تو ساڑھے پانچ بجے پہنچنا تھا اور ابھی چار ہی بجے تھے۔ میں از راہِ تعظیم کرسی سے اُچک کر اُٹھا اور عرض کیا: "حضور دفتر سے آرہے ہیں، تشریف رکھیے اور پہلے یہ عامیانہ سا ماحضر تناول فرما لیجیے۔ پھر اطمینان سے باتیں ہوں گی۔ انھوں نے بے تکلف ہاتھ منہ دھویا اور کھانا شروع کر دیا۔ میں نے ملازم سے اور کھانا لانے کو کہا تو فرمایا: نہیں میاں اور کی ضرورت نہیں، یہی بہت ہے۔ ملازم میرا اشارہ پا کر ہوا ہو گیا۔ واپس آیا ، تو مالک رام کھانا ختم کر ہی رہے تھے۔ ملازم نے طشتری میرے سامنے رکھی۔ میں نے ہاتھ بڑھایا، تو بڑی معصومیت سے فرمایا: ” لاحول ولا قوة، تو کھانا جو میں نے کھایا، وہ تمھارے لیے آیا ہو گا۔ میں نے کہا: "نہیں حضور! میرے حصّے کا تو یہ اب آیا ہے، جو میں کھانے لگا ہوں۔ فرمایا: ” تو بھلا تمھیں کیونکر معلوم ہو گیا تھا کہ میں قبل از وقت پہنچوں گا؟” میں نے عرض کی: "سرکار ! آپ مجھے صرف دوائیوں کے تاجر اور شاعر کی حیثیت ہی سے جانتے ہیں، میں منجّم اور واقفِ اوقاتِ آمدِ احباب بھی ہوں۔ میری بات سنی ان سنی کر کے کہنے لگے: "لعنت ہو تم پر! اور پھر میں بھی کیا انسان ہوں۔” میں نے اگر کہا بھی تو، بس اس قدر کہا:

"اس سادگی پہ کون نہ مرجائے، اے خدا”

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں