پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

مریم نواز نے ڈان لیکس کو نان ایشو قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سابق نااہل وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ڈان لیکس کو   نان ایشو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حربہ صرف نوازشریف کو دباؤ میں لانے کے لیے استعمال کیا گیا، میں اجلاس میں شریک نہیں تھی مگر میرا نام ڈان لیکس میں ڈالا گیا۔

نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ پاناما پر نہیں اقامہ پر آیا، عدالت سے جس انداز میں فیصلے کیے گئے اُن کی روشنی میں انصاف کی توقع نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  پاناما لیکس پر ہمیں وضاحت کا موقع فراہم نہیں کیا گیا، جس سوالوں پر واویلا مچایا گیا اُن کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں تھا، جے آئی ٹی نے ذاتی نوعیت کے سوالات کیے ، وزیراعظم کی نااہلی کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا اس لیے فیصلے پر قانونی ماہرین بھی حیران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا وعدہ پورا کیا اور تین نسلوں کا حساب دے دیا، ججز نے خود کہا کہ پاناما  کیس میں کرپشن کے شواہد نہیں ملے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کو صرف ہم نہیں بلکہ دنیا بھی تسلیم نہیں کررہی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف کک بیک اور منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آسکا، پاناما فیصلہ کرنے والے خود تذبذب کا شکار ہیں ، نااہلی فیصلے نے نوازشریف کو بہت فائدہ پہنچایا کیونکہ ابھی تک نوازشریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں