The news is by your side.

اسلام آباد انتظامیہ نے تحریک انصاف ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کرلی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف پر تشدد اور اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف تحریک انصاف نے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ سے ریلی کی اجازت اور سیکیورٹی دینے کیلئے درخواست کی تھی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی درخواست کا جواب دے دیا ہے، جس میں انہوں نے ریلی کو سیکیورٹی دینے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس وجوہات کی بنا پر ریلی نکالنے اور سیکیورٹی مہیا کرنے سے معذرت کی گئی ہے، اسلام آباد میں سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر گزشتہ کئی روز سے دفعہ 144 نافذ ہے۔

ترجمان ڈی سی نے کہا کہ قیادت کے ساتھ ساتھ ریلی میں شریک افراد کی قیمتی جانیں بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں، جبکہ زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ بھی سیکیورٹی رسک بن سکتا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں