کراچی : جامشورو اور دادو کے ڈپٹی کمشنرز نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ضلعوں میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے حوالے سے ڈی سی جامشورو اور دادو نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا۔
دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ضلع جامشورو اور دادو میں الیکشن کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی ،ڈپٹی کمشنر دادو اور جامشورو نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع دادو اور جامشورو سیلاب سے متاثر ہے ،دادو کی 66 یونین کونسل اس وقت پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں جبکہ سیلاب سے آٹھ ملین آبادی متاثر اور چار ملین دادو سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انڈس ہائی وے سہیون ضلع جامشورو سے دادو ، کے این شاہ سے مہیڑ پر کئی فٹ پانی موجود ہے جبکہ تعلقہ دادو ، مہیڑ اور جوہی مکمل زیر آب ہیں جسکے باعث لوگوں اور انفرسٹکچر کی مکمل بحالی تک الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔
ڈپٹی کمشنرز کا کہنا ہے کہ الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جاسکتی تاہم چار مہینے بعد پھر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔