کیا آپ جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کی شہرہ آفاق فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا نام ایک خاتون نے تجویز کیا تھا، اور ابتدائی طور پر اس فلم کا نام کچھ اور تھا۔
ہندوستانی سنیماؤں میں 20 اکتوبر 1995 کو ریلیز ہونے والی ہندی رومانوی فلم ’ڈی ڈی ایل جے‘ نے شائقین فلم کو جس طرح دیوانہ بنا دیا تھا، اسی طرح اس فلم سے جڑی یادوں اور واقعات میں بھی شائقین نے ہمیشہ بہت دل چسپی کا اظہار کیا۔
بالی ووڈ کنگ کی یہ فلم جس طرح سپر ڈپر ہٹ ہوئی تھی، اسی طرح شاہ رخ خان کے چاہنے والوں کو یہ نام بھی بے حد پسند آیا تھا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ابتدا میں یہ منفرد نام رکھا ہی نہیں گیا تھا، فلم کے لکھاری اور ہدایتکار آدتیہ چوپڑا تھے، انھوں نے اس فلم کا نام ’لے جائیں گے لے جائیں گے‘ سوچ رکھا تھا۔
لیکن پھر انوپم کھیر کی اہلیہ اور سینئر اداکارہ کرن کھیر نے ادتیہ چوپڑا کو مشورہ دیا کہ فلم کا نام ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ رکھے، فلم کے ٹائٹل میں بھی کرن کھیر کو اس کا کریڈٹ دیا گیا تھا۔
اس فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان، کاجول، امریش پوری اور فریدہ جلال نے ادا کیے تھے، فلم نے دنیا بھر سے 60 ملین کا بزنس کیا تھا، 1995 میں بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم یہی تھی۔