کراچی: شہرِ قائد کے ساحلِ سمندر پر ہزاروں کی تعداد میں مردہ مچھلیاں پائیں گئیں، شہریوں کی بڑی تعداد انہیں دیکھنے آگئی ، ساحل سے تعفن اٹھنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح کراچی کے شہر ی معمول کے مطابق شہر کے مشہور ترین ساحل ’ سی ویو ‘ پہنچے تو دیکھتے ہیں کہ تا حدِ نگاہ ساحل پر ہزاروں مردہ مچھلیاں پڑی ہوئی ہیں۔
ساحل پر موجود مردہ مچھلیوں میں چھوٹی بڑی اور مختلف اقسام کی مچھلیاں شامل ہیں ، شہریوں کی کثیر تعداد ان مچھلیوں کو دیکھنے کے لیے ساحل کا رخ کرنے لگی، تاہم ان کی موجودگی کے سبب شہریوں کی پکنگ بھی خراب ہوگئی۔
اس موقع کا فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ مفاد پرست ماہی گیر بھی پہنچ گئے اور بڑی تعداد میں مچھلیاں اکھٹی کرکے لے گئے ، اس موقع پر انہیں روکنے کے لیے متعلقہ حکام میں سے کوئی بھی موقع پر موجود نہیں تھا اور خیال کیا جارہا ہے کہ یہ مچھلیاں اب کراچی کے شہریوں کو فروخت کردی جائیں گی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساحل پر مچھلیوں کی بساند شدید ترین ہوتی جارہی ہے جس کے سبب شہریوں کا وہاں رکنا دشوار ہوچکا ہے اور پکنک کے لیے آئے شہری انتظار سے تھک کر واپس اپنے گھروں کا رخ کررہے ہیں۔
فشریز اور متعلقہ محکموں کے افسران تا حال موقع پر نہیں پہنچے ہیں ، اور مچھلیاں تاحال ساحلِ سمندر پر موجود ہیں جن کی موجودگی کے سبب گوشت خور پرندے اور آوارہ کتے بھی ساحل کا رخ کررہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے ساحلِ سمندر پر اس طرح آنے والی مچھلیاں کسی بھی طرح کھانے کے لائق نہیں ہوسکتی کیوں کہ ان کی موت کا سبب غیر فطری ہے ، یقیناً یہ مچھلیاں کسی زہریلے فضلے کا شکار ہوئی ہیں۔