بھارتی ریاست اتر پردیش میں مردہ خاتون نے بلدیاتی الیکشن جیت لیا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ ایک خاتون نے انتقال کے تقریباً دو ہفتے بعد ہونے والے مقامی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ حامیوں نے احترام کے طور پر ان کی حمایت کرنے کے اپنے عہد کو برقرار رکھا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق آشیہ بی نے رواں ماہ بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش کے بجنور ضلع میں میونسپل شہری باڈی کی نشست کے لیے ہونے والی دوڑ میں تقریباً 44 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
آشیہ بی مبینہ طور پر پھیپھڑوں اور پیٹ کے شدید انفیکشن کا شکار تھیں اور پولنگ سے صرف 12 دن پہلے دوران علاج انتقال کر گئیں۔ 30 سالہ آشیہ بی پہلی امیدوار خاتون تھیں نہیں بعداز مرگ فاتح قرار دیا گیا۔
ان کے شوہر منتظر قریشی نے کہا کہ بی نے اپنے تحمل مزاجی سے لوگوں کے دل جیتے، اہلیہ کے انتقال سے متعلق الیکشن حکام کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے یہ کہہ کر ان کا نام خارج نہیں کیا کہ اعلان کردہ شیڈول کے بعد بیلٹ پیپر سے امیدوار کا نام خارج نہیں کیا جاسکتا۔
رہائشی محمد ذاکر نے ٹائمز آف انڈیا اخبار کو بتایا کہ آشیہ نے اپنے قول و فعل سے لوگوں کو اپنا گرویدہ کیا اور لوگ ان کی حمایت کے وعدے کو توڑنا نہیں چاہتے تھے جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں نکلا۔