بٹوارے سے قبل اور بعد میں پاکستان اور بھارت میں بھی پتلی تماشا ایک سستی تفریح رہا ہے۔ یہ فن کار کسی سرکس سے وابستہ ہوتے تھے یا تہواروں اور میلے ٹھیلوں کے موقع پر نظر آتے تھے جہاں ان کا پپٹ شو بچّے ہی نہیں بڑے بھی شوق سے دیکھتے تھے۔ پاکستان میں تھیٹر اور آرٹ سے وابستہ فن کاروں نے بھی اس آرٹ فارم کو اپنایا، مگر فاروق قیصر کو ٹیلی ویژن پر ان کے پروگرام کلیاں اور اس کے مقبول ترین کردار انکل سرگم کی بدولت جو شہرت اور پذیرائی ملی، وہ بہت کم کسی کے حصّے میں آتی ہے۔ انکل سرگم بچّوں اور بڑوں میں یکساں مقبول تھے جس کو آواز دینے والے فاروق قیصر کی آج برسی منائی جارہی ہے۔
انکل سرگرم ہی نہیں کلیاں کے دوسرے تمام کردار بھی فاروق قیصر کی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار ہیں۔ اس شو کے مشہور پتلی کرداروں میں ماسی مصیبتے، ہیگا، شرمیلی، رولا، اور نونی پا شامل ہیں۔ کلیاں اگرچہ بچّوں کا شو تھا، مگر ان کرداروں کے ذریعے ہلکے پھلکے انداز میں طنز و مزاح پیدا کر کے فاروق قیصر نے بڑوں کو بھی اسکرین کے سامنے بیٹھنے پر مجبور کیے رکھا۔ ان کا مقصد بچّوں کو معیاری تفریح اور تربیت دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی اصلاح کرنا تھا۔ فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ اُنھوں نے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) سے تعلیم حاصل کی اور کئی جامعات میں پپٹ یا پتلی تماشے اور اس آرٹ کو پڑھایا۔ وہ پینٹر اور کارٹونسٹ بھی تھے جنھوں نے مختلف اخبارات کے لیے کارٹونز بنائے۔ اس کے علاوہ کالم نگاری اور مکالمہ نگاری بھی کی اور دستاویزی فلمیں بھی بنائیں۔ فاروق قیصر نے پی ٹی وی پر مزید پروگرام بھی کیے مگر کلیاں ہی ان کا مقبول ترین پروگرام رہا جس نے انھیں ملک گیر شہرت دی۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے انھیں اعلیٰ ترین سول اعزاز ستارۂ امتیاز اور صدارتی تمغا برائے حسنِ کارکردگی دیا گیا تھا۔ 14 مئی 2021ء کو فاروق قیصر انتقال کرگئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


