جمعہ, مئی 8, 2026
اشتہار

معین اختر:‌ تذکرہ ایک بے مثال فن کار کا

اشتہار

حیرت انگیز

معین اختر کا نام اس فن کار کی یاد دلاتا ہے جس نے بلاشبہ دلوں پر راج کیا۔ جو ہمہ جہت تھا اور ایسا فن کار جس کی یاد لاکھوں مداحوں کے دل سے جدا ہی نہیں ہوتی۔ چار دہائیوں سے زائد عرصہ تک معین اختر مختلف روپ میں ناظرین کے سامنے آتے رہے۔ وہ اداکار بھی تھے، صدا کار بھی، سنجیدہ اور مزاحیہ کرداروں کے علاوہ ٹی وی پروگراموں کے مقبول ترین میزبان بھی۔ انھوں نے اسٹیج شوز کے کامیڈین کی حیثیت سے بھی مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔ وہ پُروقار شخصیت کے مالک اور خوب صورت خیالات کے مالک بھی تھے۔ آج معین اختر کی برسی ہے۔

معین اختر کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنھیں قدرت نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ ان کا فنی سفر ریڈیو، اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے ایک باکمال اور بہترین فن کار کے طور پر ان کی موت تک جاری رہا۔ کراچی ان کا شہر تھا۔ معین اختر نے 24 دسمبر 1950ء کو یہیں ایک پڑھی لکھی مڈل کلاس فیملی میں آنکھ کھولی۔ زمانۂ طالبِ علمی میں اسٹیج پرفارمنس سے حوصلہ افزائی ہوئی اور یہ سفر ریڈیو اور ٹیلی ویژن تک پھیل گیا۔ انھوں نے ٹی وی پر پہلی مرتبہ 1966ء میں موقع ملا اور ایک ورائٹی شو میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وہ بڑے زبردست نقال تھے۔ اسٹیج پر کئی بڑے فن کاروں کی آواز میں ان کے مکالمے ادا کیے اور ان کے انداز کی نقالی کرکے دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔ بعد میں انور مقصود، بشری انصاری کے ساتھ انھوں نے کئی ٹی وی شوز اور مزاحیہ خاکے کیے اور ملک گیر شہرت حاصل کی۔ ٹی وی پر ٹاک شوز کی میزبانی کا منفرد اور پرلطف انداز ایسا تھا کہ معین اختر کے مداح اسے فراموش نہیں‌ کرسکتے۔

بطور اداکار معین اختر کا بے مثال کام ٹی وی ڈراموں میں سامنے آتا ہے جن میں ”روزی‘‘ سرفہرست ہے۔ دیگر ٹی وی ڈراموں میں ”ہاف پلیٹ‘‘، ”فیملی 93‘‘، ”عید ٹرین‘‘، ”بندر روڈ سے کیماڑی‘‘، ”سچ مچ‘‘ شامل ہیں۔ اسی طرح اسٹیج ڈراموں میں ”بکرا قسطوں پر‘‘ اور ”بڈھا گھر پر ہے‘‘ بھی بہت مقبول ہوئے تھے۔ بطور کمپیئر اور انٹرویور انھوں نے کام یاب پروگرام کیے۔

22 اپریل 2011ء کو معین اختر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ انھیں ماڈل کالونی، کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں