تازہ ترین

یومِ وفات: بابائے اردو مولوی عبدالحق کی زندگی اور خدمات پر ایک نظر

آج برِصغیر پاک ہند کے نام وَر ماہر لسانیات، ادیب، محقق اور معلم مولوی عبدالحق کی برسی منائی جارہی ہے جنھیں بابائے اردو کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔

مولوی عبدالحق نے 20 اپریل 1870 کو برطانوی راج میں ہندوستان کے ضلع میرٹھ کے ہاپوڑ نامی قصبے میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی اور 1894 میں علی گڑھ کالج سے بی اے کیا۔ انھیں علی گڑھ میں سر سید احمد خان کی صحبت میسر رہی جن کے افکار اور نظریات کا مولوی عبدالحق پر بھی گہرا اثر پڑا۔

1895ء میں حیدرآباد دکن میں ایک اسکول میں ملازمت کی اس کے بعد صدر مہتمم تعلیمات ہوکر اورنگ آباد منتقل ہوگئے۔ ملازمت ترک کرکے عثمانیہ اورنگ آباد کالج کے پرنسپل ہوگئے اور 1930ء میں اسی عہدے سے سبکدوش ہوئے۔

فارسی اور اُردو ادب، تاریخ و فلسفہ کے شوق نے انھیں‌ مطالعہ کی طرف راغب کیا اور عبدالحق نے کتابوں سے گہری دوستی کرلی جس نے انھیں غور و فکر اور مشاہدے کے ساتھ نثر اور شاعری کو پرکھنے، تحقیق و تنقیدی نظر سے دیکھنے کا عادی بنایا اور خود ان کے تخیل نے قلم کے ذریعے صفحات پر اترنا شروع کیا۔ بابائے اُردو ڈاکٹر مولوی عبدالحق کے یوں تو متعدد علمی اور ادبی کارنامے گنوائے جاسکتے ہیں، لیکن اردو زبان کے لیے ان کی تحقیقی اور لسانی کاوشوں کی وجہ سے انھیں‌ اردو کا عظیم محسن کہا جاتا ہے۔

مولوی عبدالحق نے اردو میں تنقید و مقدمہ نگاری کے علاوہ مختلف تصانیف، تالیفات پر تبصرہ اور جائزہ لینے کے فن کو ایک نیا ڈھنگ عطا کیا۔

مولوی عبدالحق کا ایک کارنامہ انجمن ترقیِ اردو ہے جسے انھوں‌ نے فعال ترین تنظیم اور علمی ادارہ بنایا اور اس انجمن کے تحت لسانیات اور جدید علوم سے متعلق کتابوں کی اشاعت اور علمی و ادبی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔ قیامِ پاکستان کے بعد اسی انجمن کے زور پر اردو آرٹس کالج، اردو سائنس کالج، اردو کامرس کالج اور اردو لا کالج قائم کیے گئے۔

مولوی عبدالحق نے حیدرآباد دکن میں اسکول و کالج‌ کے لیے خدمات اور سلطان العلوم نظام میر عثمان علی خان کی ذاتی دل چسپی سے قائم کردہ جامعہ عثمانیہ جس کا ذریعہ تعلیم اردو تھا، کے لیے بھی خدمات انجام دیں اور اردو لغت، فنون و سائنسی اصطلاحات کے تراجم اسی زمانے میں‌ ہوئے۔

بابائے اردو کی تصانیف، تالیفات متعدد ہیں تاہم چند ہم عصر(خاکے)، مخزنِ شعرا، اردو صرف و نحو، افکارِ حالی، سر سید احمد خان، پاکستان کی قومی و سرکاری زبان کا مسئلہ بہت اہمیت کی حامل ہیں‌ اور کئی کتب کو انھوں‌ نے تحقیق و حواشی کے ساتھ شایع کیا۔

بابائے اردو مولوی عبدالحق 16 اگست، 1961 کو کراچی میں وفات پا گئے تھے۔

Comments

- Advertisement -