اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور دو فوجی جوانوں کی شہادت کے واقعے پر بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاج کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے بیورو چیف صابر شاکر کے مطابق امکان ہے کہ احتجاج آج ہی کیا جائے گا اور بھارت کو سخت پیغام دیا جائے گا کہ ایسے واقعات دوبارہ ہوئے تو اعلان جنگ تصور کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت کے جنونی رہنماؤں نے پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کو تین بار دھمکی آمیز کالیں کی ہیں اور فوری طور پر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستانی سفارتخانے نے بھارت نہیں چھوڑا تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بھارت پاکستانی عملے کو تحفظ فراہم کرے، عبدالباسط
یاد رہے بھارت کی جانب سے عالمی میڈیا میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ پاکستانی چوکیوں پر سرجیکل اسٹرائیک کی گئی تھی تاہم پاک فوج کے تعلقات عامہ نے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگر بھارت کی جانب سے اس طرح کا حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا اور مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘‘۔