صوبہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کے باعث لاہور کے چار حساس حلقوں سمیت بھکر اور ملتان میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ تمام حلقے انتہائی حساس ہیں اور اس لیے سکیورٹی میں رینجرز کو ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو 6 حساس حلقوں میں تعینات کرنے کی درخواست دی ہے، ملتان، بھکر اور لاہور کے حلقے انتہائی حساس ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ تمام انتخابی حلقوں میں پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے پولیس نے سکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ذرائع کے مطابق 14 اضلاع میں 52 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے، الیکشن کے لیے 14 اضلاع میں 3100 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
اینٹی رائٹ فورس کے 100 اہلکار ریزرو کے طور پر موجود رہیں گے۔ لاہور کے چار حلقوں میں 465 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
لاہور میں سکیورٹی کے لیے 8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ مانیٹرنگ کے لیے سینٹرل پولیس آفس میں اسپیشل کنٹرول روم بھی بنایا گیا ہے۔