تازہ ترین

کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

کراچی: کورونا کیسز میں اضافے کے باعث کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے ضلع غربی کی ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد شہر کے مختلف اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق منگھوپیر یوسی 8 اور گڈاپ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق منگھوپیر یوسی 8 میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، علاقے میں داخلے اور باہر آتے ہوئے ماسک لازمی پہنا جائے، اس علاقے میں ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی، صرف راشن کی دکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی جازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوم ڈلیوریز پر بھی پابندی ہوگی، گھر سے صرف ایک شخص کو ضروری اشیا خریدنے کے لیے باہر آنے کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہالز، ہوٹلوں کو بند کردیں گے، ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں ہوٹل، شادی ہالز چیک کریں، پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ماسک کے بغیر کسی کو پارک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 311 کیسز رپورٹ ہوئے، کیسز میں 221 کا تعلق کراچی سے ہے، 10 ہزار 940 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ وبا سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے۔

Comments

- Advertisement -