The news is by your side.

Advertisement

عوام کی سخت تنقید، شاعر مشرق کا مجسمہ ہٹانے کا فیصلہ

لاہور: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس اور عوام کی سخت تنقید کے بعد شاعر مشرق علامہ اقبال کا مجسمہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پی ایچ اے کے مطابق گلشن اقبال پارک سے علامہ اقبال کا مجسمہ ہٹانےکا فیصلہ کیا گیا ہے، مجسمے کو آج رات ہٹاکر دوبارہ درست طریقے سے نصب کیا جائے گا۔

ترجمان پی ایچ اےنادیہ طفیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ علامہ اقبال کا مجسمہ “مالیوں” نے بنایا تھا، اس پر کوئی سرکاری پیسہ نہیں لگایا گیا، شاعر مشرق کے مجسمہ تبدیل کرکے نیا مجسمہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ علامہ اقبال کا مجسمہ بناکر عوام کیلئے”سیلفی پوائنٹ” بنایا گیا تھا۔

ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گلشن اقبال پارک میں شاعر مشرق کا مجسمہ رکھنےکا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور پارک میں حکیم الامت کا مجسمہ رکھنے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جامع انکوائری کرکےذمہ داروں کا تعین کیا جائے، کوتاہی برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔

واضح رہے کہ علامہ اقبال کا اقبال پارک میں مجسمہ نصب کیا گیا تھا، مجسمہ بنانے میں فنی مہارتوں کو نظر انداز کیا گیا تھا، درست مجسمہ سازی نہ ہونے کے باعث عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں