کراچی: پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین کی10 تا 25 فیصد تنخواہوں میں کٹوتی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے ملازمین کی تنخواہ سے10 فیصد جب کہ دو لاکھ سے زائد تنخواہ والے ملازمین کی 20 فیصد کٹوتی کر لی گئی۔
اسی طرح تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے پی آئی اے ملازمین کی 25 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاون کیوجہ سے ہوابازی کی صنعت بری طرح
متاثر ہے اور پی آئی اے کا فضائی آپریشن انتہائی متاثر ہوکر صرف 10 سے 20 فیصد کی سطح پر آگیا۔
ترجمان کے مطابق مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، گروپ ایک تا چار کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی، ایک لاکھ سے زائد تنخواہیں وصول کرنے والے ملازمین کی سیلری کم کی گئی ہے۔
کورونا کے پھیلاؤ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان کی ہوابازی کو بھی بڑا نقصان اٹھانا پڑا ، صرف مارچ کے 10 دن میں سول ایوی ایشن کوڈھائی ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔