The news is by your side.

Advertisement

کٹوتی غیر منصفانہ ہے، تنخواہیں پوری ادا کی جائیں، پالپا

کراچی: پائلٹس کی تنظیم پالپا نے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فی الفور پوری تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

تنخواہوں میں کٹوتی پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پالپا نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی غیرمنصفانہ ہے، ایئر لائن پائلٹس کی تنخواہوں میں30فیصد کٹوتی بلاجواز ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پالپا کے ہنگامی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی ایئرلائنز پر اثر پڑ رہا ہے، فلائٹ عملہ اور ملازمین جان خطرے میں ڈال کر کام کررہےہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ کو 8ارب کا منافع فراہم کرنے میں ملازمین نے کردار ادا کیا ہے اس لیےتنخواہوں میں کٹوتی کافیصلہ فوری واپس لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی

واضح رہے کہ ایک لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے ملازمین کی تنخواہ سے10 فیصد جب کہ دو لاکھ سے زائد تنخواہ والے ملازمین کی 20 فیصد کٹوتی کی گئی۔

تین لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے پی آئی اے ملازمین کی 25 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاون کیوجہ سے ہوابازی کی صنعت بری طرح متاثر ہے اور پی آئی اے کا فضائی آپریشن انتہائی متاثر ہوکر صرف 10 سے 20 فیصد کی سطح پر آگیا۔

ترجمان کے مطابق مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، گروپ ایک تا چار کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی گئی، ایک لاکھ سے زائد تنخواہیں وصول کرنے والے ملازمین کی سیلری کم کی گئی ہے۔

کورونا کے پھیلاؤ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان کی ہوابازی کو بھی بڑا نقصان اٹھانا پڑا ، صرف مارچ کے 10 دن میں سول ایوی ایشن کوڈھائی ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں