پاکستانی پنجابی فلم انڈسٹری اور تھیٹر کی معروف سابق اداکارہ دیدار نے ساتھی اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات عائد کردیے۔
پاکستانی پنجابی فلم انڈسٹری اور تھیٹر کی معروف سابق اداکارہ دیدار نے ساتھی اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ایک منفی شخصیت قرار دے دیا ہے۔ حال ہی میں نجی چینل پر عید اسپیشل شو میں گفتگو کرتے ہوئے دیدار نے ریشم کی نجی زندگی اور رویے پر کڑی تنقید کی۔
دیدار کا کہنا تھا کہ نرگس ایک بہترین اداکارہ ہیں، لیکن منفی معنوں میں ریشم بہت بڑی اداکارہ ہیں، وہ منفی چیزوں کی عکاسی کرنے میں ماہر ہیں اور انہوں نے کئی گھر اور زندگیاں برباد کی ہیں۔
دیدار نے ریشم کے فلاحی کاموں اور کھانا پکانے کی ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ریشم کی حقیقت سے واقف ہوں اور مجھے ڈر ہے کہ کہیں ریشم دوسروں کے لیے پکائے جانے والے کھانوں میں خود ہی نہ گر جائیں۔
سابق اداکارہ نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریشم برسوں سے میری دوست رہی لیکن اس دوستی کا تجربہ انتہائی تلخ رہا۔ انہوں نے ریشم کے موجودہ دوستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بچ کر رہیں اور خود کو محفوظ رکھیں۔
واضح رہے کہ فلم ‘چوڑیاں’ سے شہرت پانے والی دیدار شادی کے بعد شوبز انڈسٹری چھوڑ چکی ہیں اور حال ہی میں اپنے شوہر کے ہمراہ مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بھی خبروں میں رہی تھیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


