ممبئی (18 ستمبر 2025): بالی وڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ کے آئندہ ریلیز ہونے والے سکیوئل کا حصہ نہیں ہوں گی۔
دپیکا پڈوکون کی فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ نے باکس آفس پر کافی کامیابی حاصل کی تھی اور مداحوں کو اس کے سیکوئل سے بھی بڑی توقعات تھیں تاہم فلم سازوں کی طرف سے جاری بیان نے اداکارہ کے مداحوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
پروڈکشن ہاؤس ’وجینتی موویز‘ نے باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ 39 سالہ اداکارہ سیکوئل میں واپس نہیں آئیں گی۔
وجینتی موویز کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ باضابطہ طور پر اعلان کیا جاتا ہے کہ دپیکا پڈوکون ’کلکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل کا حصہ نہیں ہوں گی، کافی غور و فکر کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پہلی فلم بنانے کے طویل سفر کے باوجود ہمیں شراکت داری قائم کرنے میں کامیابی نہ ہوئی اور ’کلکی 2898 اے ڈی‘ جیسی فلم اس عزم اور اس سے بھی زیادہ کی مستحق ہے، ہم اداکارہ کے مستقبل کے کاموں کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
دپیکا پڈوکون نے فلم میں پربھاس، امیتابھ بچن اور دیشا پٹانی کے ساتھ اہم کردار ادا کیا تھا تاہم سیکوئل میں ان کی غیر موجودگی حیران کن ہوگی۔
یہ پیشرفت اس سے قبل اداکارہ کے پربھاس کی ایک اور فلم ’اسپرٹ‘ سے الگ ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس وقت رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کام کے اوقات، منافع کی تقسیم اور دیگر اختلافات کی وجہ سے ان کی جگہ ترپتی دمری کو کاسٹ کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


