ممبئی (30 نومبر 2025): معروف بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی بہن انیشا پڈوکون دبئی میں مقیم بزنس مین روہن آچاریہ سے شادی کرنے والی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق روہن آرچایہ معروف فلمساز بمل رائے کے پر پوتے ہیں اور پہلے ہی بالی وڈ سے جڑے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی بہن دشا کی شادی سنی دیول کے بیٹے کرن دیول سے ہوئی ہے۔
آچاریہ خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق پڈوکون خاندان جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرے گا۔ انیشا اور روہن ایک دوسرے کو کئی سالوں سے جانتے ہیں، دونوں نے اپنے تعلق کو ہمیشہ نجی رکھا اور میڈیا کی نظروں سے دور رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: دپیکا اور رنویر کی بیٹی کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ دونوں ہی روہن آرچایہ کو انسٹاگرام پر فالو کرتے ہیں جو دونوں خاندانوں کے درمیان قریبی تعلق کا اشارہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ رنویر سنگھ نے شاید ان دونوں کے درمیان رشتہ جوڑنے میں کردار ادا کیا ہو، اداکار کے والدین اور سمت آچاریہ بہت قریبی دوست ہیں، انیشا اور روہن کی ملاقات مختلف مواقع پر ہوتی رہی ہے۔
34 سالہ انیشا بیڈمنٹن کے لیجنڈ پرکاش پڈوکون اور ان کی اہلیہ اُجالا کی چھوٹی بیٹی ہیں۔ وہ ایک پیشہ ور گالفر ہیں اور ساتھ ہی لائیو لو لاف فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر بھی ہیں جسے ان کی بہن دپیکا پڈوکون نے قائم کیا تھا، وہ ذہنی صحت اور ڈپریشن سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلیے سرگرم رہتی ہیں۔
روہن آچاریہ چیمو اور سُمت آچاریہ کے بیٹے ہیں اور اپنے والد کے ساتھ خاندانی ٹریول بزنس میں کام کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


