گھر سے صبح صبح اٹھ کر اسکول کے لیے جاتے ہوئے طالبعلم بس میں سو گیا لیکن اس وقت ہڑبڑا کر جاگ گیا جب اس پر ایک بھاری بھرکم شے پوری قوت سے گری۔
امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آنے والے اس عجیب و غریب واقعے میں سوتے ہوئے بچے پر جیسے قیامت ٹوٹ پڑی، بس میں لگے کیمرے کی فوٹیج اسکول نے جاری کردی جو صبح 6 بجے کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہرن تیز رفتاری سے بھاگتا ہوا بس سے ٹکرایا اور ونڈ شیلڈ توڑتا ہوا پچھلی سیٹ پر جاگرا، اس سیٹ پر ایک ننھا طالبعلم سورہا تھا جو اس آفت سے ہڑبڑا کر جاگ گیا۔
ہرن کے گرتے ہی بس ڈرائیور نے بس کا دروازہ کھول دیا جس کے بعد ہرن وہاں سے بھاگ گیا۔
خوش قسمتی سے طالبعلم زخمی ہونے سے محفوظ رہا، ڈرائیور کے مطابق ہرن کو بھی کوئی چوٹ نہیں پہنچی تھی اور وہ بظاہر صحیح سلامت دکھائی دے رہا تھا۔
بعد ازاں ڈرائیور نے اس واقعے کو رپورٹ بھی کیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کا کنٹرول سنبھالے رکھا ورنہ کوئی حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔
ڈرائیور نے محفوظ طریقے سے بس کو کنارے پر روکا اور ہرن کو باہر نکالنے کے بعد سفر دوبارہ شروع کیا۔