اسلام آباد(30 نومبر 2025): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کے نوٹیفیکیشن سے متعلق غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، نوٹیفیکیشن اپنے مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے اہم بیان میں کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن سے متعلق قیاس آرائیاں غیر ضروری اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر میں وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سی ڈی ایف کے نوٹیفکیشن سے متعلق پراسیس کا آغاز کیا جا چکا ہے، نوٹیفیکیشن اپنے مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف نکا کہنا تھا کہ مزید کسی قسم کے اندازوں یا قیاس آرائی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
سی ڈی ایف (چیف آف ڈیفنس فورسز) کا عہدہ آرمی کے پاس ہی رہے گا، خواجہ آصف
اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "اعتراض ہے” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عشایئے میں تقریر ضرور کی گئی، تاہم ترمیم سے متعلق کوئی تجویز یا تبدیلی عشایئے کے دوران زیرِ بحث نہیں آئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ججز کے تبادلے کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہوگا، یہ مکمل طور پر عدلیہ کا اپنا معاملہ ہوگا، "وزیراعظم یا کوئی بیوروکریٹ ججز کے تبادلے نہیں کرے گا، بلکہ متعلقہ فورم میں اپوزیشن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی رائے میں سی ڈی ایف (چیف آف ڈیفنس فورسز) کا عہدہ آرمی کے پاس ہی رہے گا، آرمی چیف ہی ہمیشہ سینئرموسٹ پوزیشن سنبھالتے ہیں۔


