تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

عمران خان بتائیں پاک فوج میں میرٹ پر کب تعیناتی نہیں ہوئی؟ خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے سوال کیا ہے کہ بتائیں پاک فوج میں میرٹ پر کب تعیناتی نہیں ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے لیے جو بھی 4 یا 5 نام آتے ہیں وہ فوج کی قیادت بھیجتی ہے اور ان ناموں میں وزیراعظم مشاورت کے بعد ایک نام فائنل کرتے ہیں جس کے بعد آرمی چیف، نیول یا ایئر چیف کا تقرر کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اداروں میں تمام تعیناتیاں میرٹ پر ہوتی ہیں، اگر ایسا نہیں تو عمران خان بتائیں کب میرٹ سے ہٹ کر تعیناتیاں نہیں ہوئیں، ریاستی اداروں کے خلاف غیر سنجیدہ گفتگو کرنا کسی کو بھی زیب نہیں دیتا، صدر سمیت عمران خان کے ساتھی بھی انکے اس بیان سے لاتعلقی کرتے ہیں، عمران خان کا ان کی اپنی پارٹی میں کوئی دفاع نہیں کر رہا، اب لوگ ان کے بیانات پر بات کرنے سے احتیاط کرتے ہیں، میڈیا والے بھی جانتے ہیں کہ کس کس لیڈر نے عمران خان کو ڈس اون کیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ کل عمران خان نے اپنے بیان کی تصحیح کرنے کی کوشش کی، میں بتا دوں کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے،عمران خان نے 3 سال جتنی موجودہ آرمی چیف کی تعریفیں کیں شاید ہی کسی اور کی اتنی تعریف کی ہو۔

خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا عمران خان کے ہاتھ صاف ہیں؟ انہوں نے ساڑھے3 سال میں کونسی ٹرانزیکشن میرٹ پر کی؟ دواؤں، چینی، گندم کی تحقیقات کیا میرٹ پر کی گئیں؟ بی آر ٹی انکوائری دفن کر دی کیا یہ میرٹ ہے؟ توشہ خانے کے تحائف کو بیچ کر پیسے اپنے پاس رکھ لینا کیا میرٹ ہے؟ کیا یہ میرٹ ہے کہ عدم اعتماد کا ذمے دار آپ امریکا تو کبھی کسی ادارے کو ٹھہرائیں؟ کیا یہ میرٹ ہے کہ پھر امریکا کو خوش کرنے کیلئے کے پی میں ایک چپڑاسی رکھ لیں؟ نیشنل ہیلتھ پالیسی ایک شخص امریکا سے بیٹھ کر آپریٹ کرتا ہے کیا یہ میرٹ ہے؟ نوازشریف، اسکی بیٹی نے 200 پیشیاں بھگتیں جب کہ یہ خود آتا ہی نہیں کیا یہ میرٹ ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ادارے عمران خان کی کرپشن کی تحقیقات کر رہے ہیں، سب احتساب ہوگا، فارن فنڈنگ سے معاملات بہت آگے جا چکے سب سامنے آئیگا، ہم نے توشہ خانہ پر درخواست دی اور ہم نے 180 ملین پر تحقیقات مکمل کرلی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے لندن جانے کا کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا اور اس حوالے سے میرے علم میں کوئی بات بھی نہیں ہے۔

Comments

- Advertisement -