دہلی ایئرپورٹ پر اترنے والے افغانستان کے طیارے کے ساتھ حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، ایریانا افغان ایئر لائنز کی پرواز نے غلط لینڈنگ کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی جی آئی) پر گزشتہ سال 23 نومبر کو ایک بڑا طیارہ حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا، افغانستان کی ایریانا افغان ایئر لائنز کی پرواز اے ایف جی 311 نے مقررہ رن وے 29L کے بجائے سیدھے رن وے 29R پر لینڈنگ کی۔
خطرناک بات یہ ہے کہ اس وقت یہ رن وے اس وقت ٹیک آف کے لیے استعمال ہو رہا تھا جبکہ اس دوران اسی رن وے پر ایک اور طیارہ AIC2243 ٹیک آف بھی کر رہا تھا، ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے اس واقعے پر اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔
رن وے 29R پر کوئی لینڈنگ اسسٹنس سسٹم فعال نہیں تھا، نہ تو انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم (آئی ایل ایس) فعال تھا اور نہ ہی پریسیژن اپروچ پاتھ انڈیکیٹر (پی اے پی آئی) یا اپروچ لائٹس کام کر رہی تھیں۔
اس کے باوجود خراب موسم اور دھند کی وجہ سے حد بصارت صرف 1200 میٹر تھی جس کی وجہ سے پائلٹ غلطی سے غلط رن وے پر اتر گئے۔
عملے نے بتایا کہ ٹچ ڈاؤن سے 4 ناٹیکل مائل پہلے آئی ایل ایس سگنل غائب ہوگیا تھا، ایسی صورتحال میں دو متوازی رن ویز میں فرق کرنا مشکل ہو گیا جس سے پائلٹ الجھن میں پڑ گئے۔
اے اے آ ئی بی نے یہ بھی واضح کیا کہ پرواز نے ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ اے ٹی سی کی جانب سے بار بار کلیئرنس کے باوجود طیارہ غلط رن وے کی جانب بڑھتا رہا۔
تحقیقات میں انکشاف بھی سامنے آیا کہ ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کا ڈیٹا تو محفوظ رہا لیکن کاک پٹ وائس ریکارڈر کا ڈیٹا اوور رائٹ ہو چکا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹوں کی بات چیت کے بارے میں اہم معلومات ضائع ہو گئی ہیں۔
اے اے آئی بی نے ایوی ایشن سیفٹی کے نقطہ نظر سے اس واقعہ کو انتہائی سنگین قرار دیا اور کہا کہ یہ حادثہ کسی بڑب واقعے کا باعث بن سکتا تھا، مستقبل میں اسے واقعات سے بچنے کےلیے معاملے کی تفصیلی جانچ پڑتال جاری ہے۔


