اشتہار

وہم ہے یا بیماری : خواتین کی تکالیف کو کیوں نظر انداز کیا جاتا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

خواتین کی جسمانی یا اندورنی تکالیف کو بیماری کے بجائے ذہنی دباؤ، وہم یا نفسیاتی مسئلہ قرار دے کر نظر انداز کرنا اور مدافعتی بیماریوں کی تشخیص میں تاخیر ہونا انتہائی سجیدہ مسئلہ ہے۔

اس کیفیت کو طبی اصطلاح میں ‘Medical Gaslighting’ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مسئلہ بعد ازاں مزید پیچیدگیاں بھی پیدا کرسکتا ہے۔

اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ بعض خواتین شدید جسمانی تکلیف، مسلسل تھکن، جوڑوں کے درد اور جلد پر دانوں سمیت مختلف علامات کا سامنا کرتی ہیں۔

بعض اوقات ان کی تکالیف کو بیماری کے بجائے ذہنی دباؤ یا وہم قرار دے دیا جاتا ہے جس کے سبب درست تشخیص اور علاج میں تاخیر ہوجاتی ہے۔

خودکار مدافعتی بیماریاں ایسی طبی حالتیں ہیں جن میں جسم کا مدافعتی نظام کسی بیرونی جراثیم یا وائرس کے بجائے غلطی سے اپنے ہی صحت مند خلیوں اور بافتوں کے خلاف کام کرنے لگتا ہے۔

ان بیماریوں کی علامات مختلف نوعیت کی ہوسکتی ہیں اور بعض صورتوں میں ان کی درست تشخیص ایک مشکل اور طویل عمل بن جاتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیمبرج کی ایک تحقیق کے مطابق خودکار مدافعتی بیماریوں میں مبتلا خواتین کو مردوں کے مقابلے میں اپنی علامات کو غلط طور پر سمجھنے یا ان کی تشخیص نہ ہونے کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ خواتین میں بیماری کی علامات کو ذہنی یا نفسیاتی مسئلہ قرار دیے جانے کا امکان بھی نمایاں طور پر زیادہ پایا گیا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق خواتین کو نفسیاتی تشخیص کا سامنا کرنے کا امکان 46 فیصد جبکہ ان کی جسمانی علامات کو ذہنی دباؤ یا پریشانی سے منسلک کیے جانے کا امکان 74 فیصد زیادہ پایا گیا۔

ماہرین کے مطابق خودکار مدافعتی بیماریوں کی علامات میں شدید اور مسلسل تھکن، جوڑوں میں درد، جسمانی کمزوری اور جلد پر دانے یا دیگر تبدیلیاں شامل ہوسکتی ہیں۔ تاہم ان علامات کی شدت اور نوعیت ہر مریض میں مختلف ہوسکتی ہے۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

اس صورتحال کا ایک تشویش ناک پہلو یہ بھی ہے کہ بعض خواتین کو اپنی بیماری کی درست تشخیص کے لیے کئی برس تک انتظار کرنا پڑتا ہے، جس سے مریضہ کی روزمرہ زندگی اور مجموعی صحت متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ خواتین میں مسلسل یا غیر معمولی جسمانی علامات کو محض ذہنی دباؤ، پریشانی یا وہم قرار دینے کے بجائے انہیں سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔ اگر علامات برقرار رہیں یا بار بار ظاہر ہوں تو طبی معائنہ اور مناسب تشخیصی عمل کرایا جانا چاہیے۔

مذکورہ تحقیق کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ ہر درد وہم نہیں ہوتا اور ہر جسمانی تکلیف ذہنی دباؤ کی وجہ سے نہیں ہوتی، خواتین کی علامات کو توجہ سے سننا اور بروقت و درست تشخیص کرنا ان کے علاج اور معیارِ زندگی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

بریسٹ کینسر کے 25 فی صد مریض علاج چھوڑ دیتے ہیں، ماہرین

اہم ترین

مزید خبریں