اسلام آباد (24 دسمبر 2025): قومی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کی قیادت کے لیے پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ کو پے رول پر رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو پے رول پر رہا کرنے کی درخواست کی ہے۔
قومی مذاکراتی کمیٹی کے محمود مولوی، عمران اسماعیل اور فواد چوہدری نے شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رہنما مذاکراتی عمل میں موثر کردار ادا کر سکیں گے۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر ٹویٹ کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار اعتماد سازی کے با معنی اقدامات پر ہے۔ اس کے بغیر مذاکرات کا عمل کامیاب اور پائیدار نہیں ہو سکتا۔
سابق وفاقی وزیر لکھتے ہیں کہ وزیراعظم کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو پے رول پر رہا کریں۔ یہ قدم مذاکرات کے ماحول کو انتہائی مثبت اور خوشگوار بنائے گا، اس کے ساتھ ہی یہ قدم تمام فریقین کے درمیان اعتماد کی بحالی کی ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اعتماد سازی کا اقدام مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے میں کلیدی کردار بھی ادا کر سکتا ہے اور ملک کو تقسیم، تنازعات سے نکال کر اتحاد اور ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس عمل میں حصہ لیں۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا ماننا ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب اور پائیدار تب ہوں گے جب وہ اعتماد سازی کے اقدامات کے ساتھ شروع کیے جائیں۔ اس سلسلے میں، ہم آپ (شہباز شریف صاحب)سےگزارش کرتے ہیں کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سینئر PTI قیادت، جن میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود… https://t.co/pTxLX7VkUe
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 24, 2025
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔


