وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) پر رش کم کرنے کے لیے نیلام شدہ کنٹینرز پر ڈیمریج چارجز میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ بندرگاہ کے نجی ٹرمینلز کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق اس اقدام کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ نیلامی کے قابل اور نیلام شدہ کنٹینرز پر ڈیمریج وصول نہیں کرے گا، بشرطیکہ انہیں اعلان کے سات دن کے اندر کلیئر کر لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بندرگاہ پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے کسٹمز کو کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبے کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ پھنسے ہوئے کنٹینرز کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کم ہوگی اور کراچی آنے والے ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے جگہ پیدا ہوگی۔
جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ ڈیمریج میں یہ چھوٹ کے پی ٹی کی جانب سے بندرگاہی رش کے مسئلے کے حل کے لیے فعال حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے اور یہ اقدام پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بندرگاہی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


