ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور تک رات کا سفر کتنا محفوظ ہے؟ نمائندہ اے آر وائی نیوز نے یہ فاصلہ براستہ سڑک خود طے کرکے حقیقت بیان کردی۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور تک رات کے سفر کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش اور دہشت گردوں کے خوف کے تناظر میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے خود رات کے وقت انڈس ہائی وے کے راستے سفر بذریعہ کار طے کیا۔
سفر کے دوران مختلف مقامات پر پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں ہوئی، مین شاہراہ پر ٹریفک بھی رواں دواں رہی، جبکہ کئی مقامات پر رات گئے ہوٹلوں اور بازاروں میں معمول کی گہما گہمی بھی دکھائی دی۔
زمینی صورتحال کی حقیقت
نمائندے اے آر وائی نیوز نے ڈیرہ اسماعیل خان سے رات تقریباً ساڑھے 9 بجے پشاور کے لیے سفر شروع کیا۔ جس کا مقصد یہ جاننا تھا کہ جن علاقوں کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ رات کے وقت وہاں سڑک کے ذریعے نقل و حرکت مشکل یا غیر محفوظ ہے، وہاں زمینی صورتحال حقیقت میں کیا ہے؟۔
رپورٹر کے مطابق پہلے مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے پیجو تک تقریباً 100 کلومیٹر کا سفر طے کیا گیا اور اس دوران انڈس ہائی وے کا بیشتر حصہ پختہ اور قابل استعمال حالت میں ملا۔
پیجو پہنچنے پر نمائندے نے مقامی تھانے کا دورہ کرکے وہاں موجود اہلکاروں سے گفتگو کی اور رات کے وقت پولیس کی موجودگی اور سڑک پر گشت کے حوالے سے سوال کیا، جس پر اہلکار نے علاقے کی صورتحال سے تفصیلی آگاہ کیا۔
کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا
پیجو کے پہاڑی علاقے سے گزرتے ہوئے رات کے وقت شاہراہ پر ٹریفک نسبتاً کم نظر آئی، رپورٹ کے مطابق ایک مقام پر سڑک پر ایک وین کے علاوہ دیگر گاڑیاں نہیں دکھائی دیں تاہم اس دوران کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ یا ایسی صورتحال پیش نہیں آئی کہ جس کی وجہ سے سفر کو روکنا پڑتا۔
گوگل میپس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور کا فاصلہ تقریباً 310 کلومیٹر بنتا ہے، رات تقریباً پونے 12 بجے گاڑی کرک پہنچی، جہاں رات گئے بھی ہوٹلوں میں لوگوں کی آمدورفت اور گہما گہمی نظر آئی۔
رپورٹر کے مطابق اس مشاہدے سے یہ تاثر ملا کہ رات کے وقت بھی اس راستے پر مکمل سناٹا نہیں تھا بلکہ بعض مقامات پر معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں، کرک پہنچنے کے بعد بھی سفر بغیر کسی مسئلے یا پریشانی کے جاری رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رات گئے ٹنل کے مقام پر بھی گاڑیوں کی آمدورفت جاری تھی، ٹنل عبور کرنے کے بعد درہ بازار اور پشاور کی جانب جانے والے راستے پر بھی ٹریفک رواں دواں نظر آئی۔
راستے کی سڑک صاف اور ہموار تھی، گاڑیاں معمول کے مطابق رواں دواں تھیں اور کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہیں ہوا اور ہم بحفاظت پشاور پہنچ گئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور تک مختلف مقامات پر پولیس چوکیاں بھی موجود تھیں اور بعض مقامات پر پولیس اہلکاروں سے ملاقات ہوئی، تاہم ہر جگہ پولیس کی موجودگی یکساں نہیں تھی۔
سفر سے متعلق تاثر کیسا رہا؟
رپورٹ کے مطابق عمومی طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ رات کے وقت ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور یا اس خطے کے بعض علاقوں میں سڑک کے ذریعے سفر نہیں کیا جاسکتا، تاہم اس مخصوص رات کے سفر میں انہیں ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔


