بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں ڈی سی چوک کے قریب مین بازار میں دستی بم کا دھماکا ہوا ہے۔
ایس ایس پی اسد اللہ کے مطابق موٹر سائیکل نامعلوم ملزمان ڈی سی چوک کے قریب مین بازار میں دستی بم پولیس موبائل پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ دستی بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار اور 9 شہری زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: سرائے نورنگ بازار میں دھماکا، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 12 مئی کو خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے بازار میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی سجاد خان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے کیے گئے سرائے نورنگ دھماکے میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں نے دھماکے کے لیے موٹر سائیکل پر دھماکا خیز مواد کا استعمال کیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو سرائے نورنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، دھماکے کے بعد فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


