کراچی : سندھ میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم میں کراچی بازی لے گیا ، کراچی ڈویژن کی 18.74 فیصد آبادی کو ایک ڈوز لگ چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم کی تفصیلات سامنے آگئیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے چھ ڈویژنز میں کورونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے اب تک سندھ بھر میں 1.9 ملین افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز جبکہ 645000 افراد کو ویکسین کی دو ڈوز لگ چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں سندھ میں 97000 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ، سندھ کی کورونا ویکسی نیشن مہم میں کراچی ڈویژن پہلے نمبر ہے، کراچی ڈویژن کی 18.74 فیصد آبادی کو ایک ڈوز لگ چکی ہے جبکہ کراچی میں 18 سال سے زائد عمر افراد کی تعداد 10.2 ملین ہے۔.
ذرائع نے بتایا میرپورخاص ڈویژن کی 8.69 فیصد آبادی ، حیدرآباد کی 7.8 فیصد آبادی ، شہید بینظیر آباد ڈویژن کی 6.46 فیصد آبادی ، سکھر کی 5.75 فیصد آبادی اور لاڑکانہ کی 4.75 فیصد آبادی کو ویکسین کی 1 ڈوز لگ چکی ہے۔
خیال رہے پاکستان بھر میں کورونا ویکسینیشن مہم جاری ہے جبکہ حکومت پاکستان مختلف کمپنیز کی کورونا ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔