صلالہ : عمان کے قومی دن کے موقع پر مملکت کے سلطان عزت مآب ہیثم بن طارق نے عوام اور ملک کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔
غفر کی گورنری صلالہ منعقدہ وزراء کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور دعا کی کہ وہ ہمیں مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلطان نے52 ویں قومی دن کے موقع پر شہریوں اور مملکت میں موجود تمام غیرملکیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے دھوفر گورنریٹ میں شہریوں کی جانب سے جشن منانے کے اقدام کو سراہا۔
اجلاس میں سلطان نے مقامی اور بین الاقوامی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ملکی معاشی معاملات کے حوالے سے وزراء کی کونسل کی تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کیے۔
اس سلسلے میں سلطان ہیثم بن طارق نے آئندہ سال کے آغاز سے تین سال کی مدت کے لیے قومی مالیاتی استحکام اور مالیاتی ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
سلطان نے ریاست کے تمام انتظامی عہدیداران کو مخاطب ہوئے کہا کہ وہ بہترین نتائج کے حصول کے لیے دن رات کوششیں جاری رکھیں، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ملکی معیشت کی ترقی اور 10ویں پانچ سالہ منصوبہ کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہتمم سلطان نےدسویں پانچ سالہ منصوبے (2021-2025) کے لیے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور منصوبوں کو شیڈول کے مطابق اور ان کے منظور شدہ بجٹ کے اندر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔