کراچی (5 مئی 2026): سندھ کابینہ نے کراچی حیدرآباد سمیت صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے دریائے سندھ پر حیدرآباد اور کوٹری کے درمیان نئے پل کے ڈیزائن کے لیے 147.2 ملین روپے کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ کراچی کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 6.5 ارب روپے، شہر قائد کے ایس تھری منصوبے کے لیے دو ارب روپے، کے ایم سی کو 24 ٹاؤنز میں روڈ انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی سڑکوں کی جلد مرمت شروع کرنے کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔
سندھ جاب پورٹل کے لیے 86.535 ملین روپے، اے آئی کے فروغ کے لیے انڈس اے آئی ویک 2026 کے انعقاد کی منظوری، انتہا پسندی کے تدارک کے مرکز کے لیے 42.86 ملین روپے مختص کیے گئے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی پائپ لائن بچھانے کے لیے 800 ملین روپے، قاسم آباد، حیدرآباد چوک پر انڈر پاس اور لنک روڈ کے لیے 0.8 ارب روپے، لطیف آباد میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ روپے، شیخ ایاز روڈ کی توسیع کے لیے 1.2 ارب روپے اور ڈرین نالے کی تعمیر کے لیے 90 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
سندھ کابینہ نے لاڑکانہ میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے 4 ارب روپے، دادو میں پیر الہٰی بخش لا کالج، مورو میں چار نئی عدالتوں کی تعمیر، سکھر میں 50 بستروں پر مشتمل ٹراما سینٹر، عمرکوٹ میں یتیم خانے کے قیام کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


