انقرہ: کتے کی وفاداری کے حوالے سے آپ نے کئی قصے سنے ہوں گے لیکن ترکی میں کتے نے وفاداری کی نئی مثال قائم کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں جب کتے کے مالک کو علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تو کتا ایک ہفتے تک اسپتال کے باہر بیٹھا اپنے مالک کے صحت یاب ہونے کا انتظار کرتا رہا۔
امریکی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق ہونکوک نامی اس کتے کے مالک سیمل سینترک کو دماغی مرض کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
سیمل سینترک کو 14 جنوری کو اسپتال لے جایا گیا اور کتا ایمبولینس کا پیچھا کرتا ہوا اسپتال پہنچا، اس دوران اسپتال کا عملہ کتے کو کھانا کھلاتا رہا۔
اسپتال کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر نے بتایا کہ ’یہ کتا کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا، ہر کسی نے کتے اور اس کے مالک کے درمیان تعلق کا نوٹس لیا اور اس نے سب کو خوش کردیا۔
رپورٹ کے مطابق سیمل سینترک کی بیٹی نے کئی مرتبہ کتے کو گھر لے جانے کی کوشش کی لیکن وہ بھاگ کر دوبارہ اسپتال پہنچ جاتا تھا۔
جب سیمل سینترک کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تو کتا خوشی سے اس کی وہیل چیئر کے گرد چھلانگیں لگاتا رہا، اس موقع پر سیمل سینترک کا کہنا تھا کہ یہ کتنا انسانوں ہی کی طرح ہمارے بہت قریب ہے، یہ آپ کو خوش رکھتا ہے۔