اسلام آباد : اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر میجر جنرل محمد عارف ملک نے کہا ہے کہ اسکول اور کالج میں منشیات کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اس سلسلے میں سخت پالیسی اپنا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے تین روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس میں اقوام متحدہ کے ادارے سمیت دیگر ممالک کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر ملک کے مطابق میجر جنرل محمد عارف ملک کا مزید کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کی روک تھام کیلئے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دینا ہے۔
اسکول اور کالج کے طلباء وطالبات میں منشیات کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ منشیات کا استعمال ہمارے معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے۔
مزید پڑھیں: کچھ ادویہ سازکمپنیاں منشیات کی فراہمی میں ملوث نکلیں، آئی جی اسلام آباد
منشیات فروشوں کے خلاف ناقابل برداشت پالیسی اپنا رہے ہیں، اس سلسلے میں انسداد منشیات ایکٹ97 میں ترمیم کی کوشش کر رہے ہیں، ورکشاپ میں تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔