(10 اکتوبر 2026): خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) الیکشن کمیشن شمشاد اختر جاں بحق ہوگئے۔
ڈی پی او ٹانک عبدالصمد نے بتایا کہ ڈی جی الیکشن کمیشن شمشاد اختر اپنے بھائی کے انتقال پر تعزیت کیلیے ٹانک آئے ہوئے تھے، وہ فاتحہ خوانی کی جگہ سے باہر گئے تو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن نے شمشاد اختر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے وہ شہید ہوئے، وہ نہایت دیانت دار، شریف النفس اور فرض شناس افسر تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کرک میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او سمیت 2 اہلکار شہید
بیان میں کہا گیا کہ شہید شمشاد اختر کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے، پورا الیکشن کمیشن غم کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کو دہشتگردی سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو دہشتگردی کے واقعات سے تحفظ فراہم کرے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ٹانک میں شمشاد خان کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے، شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔


