راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ محض اپنے ناظرین کو خوش کرنے کیلئے ہے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔
تفصیلات کے مطابق کلبھوشن ڈرامے کے بعد بھارتی میڈیا کا ایک اورسفید جھوٹ بے نقاب ہوگیا، انڈین میڈیا نے اپنے پروپیگنڈے میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے پاکستان میں کارروائی کی۔
جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، بھارتی میڈیا کا جھوٹ خود کو برتر ثابت کرنے اور اپنے ناظرین کو خوش کرنے کی بھونڈی کوشش ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈین میڈیا کا نیا دعویٰ ان کی شکست کا تسلسل ہے۔
اس حوالے سے بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے واویلا مچایا ہوا ہے، فوجیوں میں اتنی ہمت نہیں کہ پاکستانی سرحد عبور کر سکیں۔
بھارتی فوج نہتے اور بے گناہ معصوم بچوں اور خواتین پر گولیاں چلاتی ہے، بھارتی فوج نے ایل اوسی پرفائرنگ کرکے بچوں اور عورتوں کو شہید کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکل کا جھوٹا دعویٰ بھی کرتا رہاہے، بھارتی میڈیا ایسی خبریں چلا کر اپنے شہریوں کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار طلعت مسعود نے کہا کہ بھارتی میڈیا کےبیانات میں کوئی صداقت نہیں ہوتی، بھارت اس قسم کے دعوے اکثر کرتا رہتا ہے، بھارت اپنے لوگوں کومطمئن کرنے کیلئے ایسےبیانات دیتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، فائرنگ سے تین فوجی شہید
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے انسانی جذبہ کے تحت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اس کی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ ملاقات کروانے کے بعد بھارتی میڈیا کو دنیا کے سامنے پاکستان کی نیک نامی ہضم نہیں ہو رہی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔