راولپنڈی (25 جولائی 2025): ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ دشمن کو ہماری قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ مایوسی کا سامنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی جہاں شرکا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ قوم بلا کسی مذہبی امتیاز کے ہر مشکل اور ہر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی صورت کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے، پاکستان میں بسنے والے لوگ تاریخ، قومی نصب العین، حب الوطنی کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاكستان ایک امن اور ترقی پسند ملک ہے، بین المذاہب ہم آہنگی ہماری قومی طاقت کی اساس ہے، وطن عزیز کے روشن مستقبل کیلیے نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔
طلبا و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چوہدری نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جہاں انتظامیہ اور طلبہ نے ان کا استقبال کیا تھا۔
اس موقع پر ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں فتح مُبین میں عوام کی حمایت بالخصوص نوجوانوں کا کردار اہم رہا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ بلوچ عوام پاکستان سے تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے رشتوں میں جڑی ہے، مٹھی بھر دہشتگرد ترقی و خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے۔
طلبا و طالبات نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ فیکلٹی ممبران نے مزید ایسے انٹرایکٹیو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


