لاہور : ڈی جی نیب کے زیر صدارت اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور میں ڈی جی نیب کے زیر صدارت ریجنل بورڈ کے اجلاس کا انعقاد ہوا، بورڈ میٹنگ میں تمام ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی، اجلاس میں میگا کرپشن کے مقدمات میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ریجنل بورڈ نے رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن میں منتقل کرنے کی منظوری دے دی، فیصلہ کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی رانا ثناءاللہ کیخلاف مبینہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر جامع بریفنگ کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لاہورٹیم نے اب تک رانا ثناءاللہ کیخلاف جاری انکوائری کے دوران 40 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثہ جات کی موجودگی کے شواہد اکھٹے کئے ہیں۔
بورڈ اجلاس کے دوران رانا ثناءاللہ کے اثاثہ جات کی وصولی کی تفصیلات اور ان کے بیانات پر جامع بریفنگ دی گئی، انویسٹی گیشن کے دوران رانا ثناءاللہ اور اہل خانہ کے نام مزید پراپرٹیوں اور اثاثہ جات کی موجودگی کے حوالے سے انکشافات ہونے کا امکان ہے۔