لاہور: ڈی جی نیب برہان علی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ دو اور حکومتی ارکان کے خلاف بھی بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
نیب آفس لاہور میں کرمانوالہ ہاؤسنگ اسکیم فراڈ کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
ڈی جی نیب نے کہا کہ سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک آصف ہاشمی متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈبل شاہ جیسے لوگ پھر متحرک ہوگئے ہیں، عوام ان سے ہوشیار رہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ ڈبل شاہ کی ایک ارب کی پراپرٹی نیب کے پاس ہے، جسے فروخت کرکے متاثرین کی رقم واپس کی جائے گی۔