کراچی (13 جنوری 2026): ڈائریکٹر جنرل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) عامر علی خان کا کہنا ہے کہ کورنگی میں بننے والے میگا سینٹر سے 40 لاکھ مکین مستفید ہوں گے۔
ٹی ایم سی کورنگی اور نادرا کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی عامر علی خان نے کہا کہ عوام کی آسانی کیلیے ہم نے حال ہی میں موبائل ایپ بھی لاؤنچ کر دی ہے جس سے ایف آر سی، برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر سروسز سے مستفید ہوا جا سکتا ہے، مختلف ہیلتھ کارڈ کا حصول بھی ہمارے میگا سینٹرز سے باآسانی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
عامر علی خان نے بتایا کہ کورنگی میں بننے والے نادرا میگا سینٹر سے بیک وقت ایک ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے، ادارے کا ساتھ دینے پر میں پاکستان پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ہمارا چوتھا میگا سینٹر ہے جس کا ہم اس مہینے اعلان کرنے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی والوں کیلیے بڑی خوشخبری، ایک اور نادرا میگا سینٹر کا قیام
انہوں نے مزید کہا کہ ملیر، سرجانی اور گلبرگ میں اگلے ماہ تک نادرا میگا سینٹرز مکمل ہو جائیں گے۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا سینٹر سے ہزاروں لوگ مستفید ہوں گے، کارڈز کا حصول عوام کیلیے مشکل مرحلہ بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے کورنگی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہوا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں سب یک یکجا ہیں، سندھ حکومت خواتین کو پنک اسکوٹی دے رہی ہے اور بائیک سکھانے کی تربیت بھی دے رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


