سعید غنی کے علاوہ کسی نے رینجرز پر الزام نہیں لگایا، میجر جنرل سعید PS114
The news is by your side.

Advertisement

سعید غنی کے علاوہ کسی نے رینجرز پر الزام نہیں لگایا، میجر جنرل سعید

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ پی ایس 114 کے ضمنی انتخابات میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے انجام دیں، سعید غنی کے علاوہ کسی بھی امیدوار نے رینجرز پر جانبداری الزام نہیں لگایا۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل محمد سعید نے پی پی کے امیدوار کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار کی جانب سے لگائے جانے والے الزام پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ جو کام دیا گیا تھا اُسے ہم نے بخوبی پورا کیا، سیاسی جماعتوں کے جذبات نمایاں ہونے کے باوجود کسی شخص کو خراش تک نہیں آئی اور نہ ہی کوئی ایسا جھگڑا ہوا جس کے حالات کشیدہ ہوں۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی کے حوالے سے جو مینڈیٹ دیا تھا اُسے بھرپور انداز میں نبھایا جس کی وجہ سے عوام بھی بغیر خوف کے پولنگ اسٹیشنز آئے اور حق رائے دہی استعمال کیا۔

پڑھیں: لوگوں کا باہر نکلنا اور بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے، ڈی جی رینجرز

سینیٹر سعید غنی کی جانب سے جانبداری کے الزام پر میجر جنرل سعید نے کہا کہ اگر الزامات لگانے والوں کو لگتا ہے کہ ہم نے جانبداری کا مظاہرہ کیا تو وہ قانونی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن جائیں اور اپنی شکایت کے ثبوت پیش کریں۔

یاد رہے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی انتخابات منعقد کیے گئے تھے، جس میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سعید غنی نے معرکہ اپنے نام کرتے ہوئے متحدہ کے امیدوار کو 5 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے دی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں