کراچی : دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیبل فالٹ کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تین پمپس کیبل فالٹ کی وجہ سے بند ہو گئے، جس سے شہر کو 54 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیبل فالٹ 18 گھنٹوں کے اندر ٹھیک کر دیا جائے گا۔
ترجمان کےالیکٹرک نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن کی خبریں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا اسٹیشن پر 22 میں سے 19 پر بجلی سپلائی مسلسل جاری ہے، زیر زمین کیبل فالٹ کے باعث 3 پمپنگ موٹروں پر بجلی کاتعطل آیا، فالٹ درست ہوتے ہی تینوں پمپنگ موٹرز کی بجلی بحال کردی جائےگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو بھی حب کینال کی دیکھ بھال کے کام کی وجہ سے کراچی میں عارضی پانی کی بندش ہوئی تھی۔
اس دوران ویسٹ، کیماڑی اور سینٹرل اضلاع میں پانی کی سپلائی دو دن تک معطل رہی کیونکہ حب کینال کی 48 گھنٹے بندش کا اعلان کیا تھا۔ اس بندش کا مقصد حب ڈیم سے X-Regulator تک تفصیلی معائنہ اور مرمت کرنا تھا۔
کراچی واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پانی کا احتیاط سے استعمال کریں اور ضروری مقدار پہلے سے ذخیرہ کر لیں تاکہ بندش کے دوران مشکلات سے بچا جا سکے۔
شہر میں پانی کی سپلائی پر مزید دباؤ اس وقت بھی رہا، جب شمال مشرقی پمپنگ اسٹیشن سے جڑی 11K لائن میں لیکیج کی وجہ سے مرمت کا کام جاری تھا۔
اس دوران تین پمپس عارضی طور پر بند اور دھابجی پمپنگ اسٹیشن کا ایک پمپ بھی مرمت کے لیے روک دیا گیا، جس سے کراچی کے پانی کے نیٹ ورک پر اضافی اثر پڑا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ تمام اقدامات شہر میں پانی کی لمبی مدت کی موثر تقسیم اور بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال کے لیے کیے جا رہے ہیں۔


