بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی کامیڈی فلم ’دھمال 4‘ دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے کمانے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’دھمال 4‘ کے بھارت سمیت دنیا بھر میں 33104 شوز دکھائے گئے ہیں اور فلم اپنے پہلے ہی ویک اینڈ کے بعد سیریز کی سب سے بڑی اوپننگ کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
باکس آفس کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے 3 دنوں میں دھمال، ڈبل دھمال اور ٹوٹل دھمال کے پہلے ویک اینڈ کی کمائی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دھمال 4 نے باکس آفس پر اپنے پہلے ویک اینڈ میں ہندوستان میں پہلے 3 دنوں میں 65 کروڑ نیٹ کمائے۔ ہندوستان سے 78 کروڑ گراس اور بیرون ملک کی مارکیٹوں سے 14 کروڑ کے ساتھ اس کی کل گراس کلیکشن 92کروڑ ہو گئی ہے۔
یہ پڑھیں: ’دھمال 4‘ میں آنجہانی ستیش کوشک کو دیکھ کر مداح حیران
جمعہ کو دھمال 4 نے 16.8 کروڑ گراس اور 14 کروڑ نیٹ کے ساتھ شروعات کی۔ ہفتے کے روز کمائی بڑھ کر 27 کروڑ گراس اور 22.5 کروڑ نیٹ ہو گئی۔ اتوار کا دن فلم کے اوپننگ ویک اینڈ کا سب سے بڑا دن رہا جہاں کمائی بڑھ کر 28.5 کروڑ نیٹ اور 34.2 گراس تک پہنچ گئی۔
ویک اینڈ کے دوران سینما گھروں میں تماشائیوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ جمعہ کو یہ 24 فیصد، ہفتے کو 35 اور اتوار کو 44 فیصد تھی۔
‘دھمال 4’ کو گلشن کمار اور ٹی-سیریز نے دیوگن فلمز کے اشتراک سے پیش کیا ہے، اور یہ ٹی-سیریز فلمز، ماروتی انٹرنیشنل اور پینوراما اسٹوڈیوز کی پروڈکشن ہے۔ اس کی ہدایت کاری اندرا کمار نے کی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں اجے دیوگن، رتیش دیش مکھ، ارشد وارثی، سنجے مشرا اور جاوید جعفری شامل ہیں، کاسٹ میں ایشا گپتا، سنجیدہ شیخ، انجلی آنند، اوپیندر لیمئے، وجے پاٹکر اور روی کشن بھی شامل ہیں


