بالی ووڈ کی مزاحیہ فلم ’دھمال 4‘ میں آنجہانی اداکار ستیش کوشک کو دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔
’دھمال 4‘آج سنیما گھروں کی زینت بنی ہے اور فلم کی کاسٹ، مزاحیہ ٹریلر، اس فرنچائز کی مقبولیت کی وجہ سے لوگوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ فلم کا اختتام اگلے حصے یعنی ‘دھمال 5’ کے وعدے کے ساتھ ہوتا ہے لیکن چوتھے سیزن میں آنجہانی ستیش کوشک کو دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے ہیں۔
چونکہ ستیش کوشک کا انتقال 2023 میں ہو گیا تھا اس لیے فلم سازوں نے سی جی آئی اور اے آئی کی مدد سے ان کے کردار کو اسکرین پر دوبارہ تخلیق کیا ہے اسی وجہ سے فلم کے اوپننگ کریڈٹس میں ستیش کوشک کی اہلیہ، ششی کوشک کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔
اس اینیمیٹڈ سیکوئنس میں جیکی شیروف بھی شامل ہیں جو دھمال فرنچائز میں ان کی دوسری خصوصی ‘آمد’ ہے۔
تیسرے حصے ‘ٹوٹل دھمال’ (2019) میں انہوں نے جی پی ایس کے لیے اپنی آواز دی تھی اور اجے دیوگن کو ان کی منزل کے تیز ترین راستے کی رہنمائی کرنے والے ایک ‘ٹپوری اسٹائل’ کے جی پی ایس کے آئیڈیا نے لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا تھا۔
یہ پڑھیں: ’دھمال 4‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی
اندرا کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘دھمال 4’ فرنچائز کی اصل کاسٹ کو واپس لائی ہے جس میں اجے دیوگن، رتیش دیش مکھ، ارشد وارثی، سنجے مشرا اور جاوید جعفری شامل ہیں، کاسٹ میں ایشا گپتا، سنجیدہ شیخ، انجلی آنند، اوپیندر لیمئے، وجے پاٹکر اور روی کشن بھی شامل ہیں۔
‘دھمال 4’ کو گلشن کمار اور ٹی-سیریز نے دیوگن فلمز کے اشتراک سے پیش کیا ہے، اور یہ ٹی-سیریز فلمز، ماروتی انٹرنیشنل اور پینوراما اسٹوڈیوز کی پروڈکشن ہے۔ اس کی ہدایت کاری اندرا کمار نے کی ہے جبکہ اسے اجے دیوگن، بھوشن کمار، کرشن کمار، اشوک ٹھکیریا، اندرا کمار، آنند پنڈت اور کمار منگت پاٹھک نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں ایک اور سرپرائز گانا ‘پیسہ لاؤ’ ہے۔ یہ اطالوی گانے ‘بیلا چاؤ’ کا ری میک ہے، جو مشہور ویب سیریز ‘منی ہائسٹ’ میں استعمال ہونے کے بعد بے حد مقبول ہوا تھا، گانے ‘پیسہ لاؤ’ کو تانشک باغچی نے کمپوز کیا ہے اور اسے نیرج شریدھر نے گایا ہے۔


